Urdu Inspirational Story
Urdu Inspirational Story that will change your life – “تم یہ نہیں کر سکتے۔۔”
ایک گاوں میں دو چھوٹے چھوٹے بچے رہتے تھے۔ایک کی عمر دس سال اور دوسرے کی چھے سال تھی۔ دونوں لنگوٹیے یار تھے۔
ایک دن کھیلتے کھیلتے گاوں سے تھوڑا باہر آ گئے۔ گاوں سے باہر کھیلتے ہوئے دس سال کا بچہ کنویں میں گر گیا۔اور چیخنے چلانے لگا۔
چھے سال کے بچے نے ادھر ادھر دیکھا کوئی مدد کا امکان نظر نہ آیا تو اس نے کنویں پر رسی سے بندھا ڈول (بالٹی) نیچے پھینک دیا
اور دوست کو کہا اس پکڑ کر رکھو۔۔اور خود پوری جان لگا کر کھینچنا شروع کر دیا۔۔چھے سالہ بچہ اس وقت تک کھینچتا رہا تھا
جب اسی ڈول سے چمٹا اس کا دوست کنویں سے باہر نہ آ گیا۔۔دونوں دوست ایک دوسرے سے مل کر رو رہے تھے ،
خوش ہو رہے تھے اور ڈر رہے تھے کہ گاوں میں جا کر اگر بتائیں گے کہ ہم گاوں سے باہر گئے تھے اور بڑا دوست کنویں میں گر گیا تھا
تو بہت ڈانٹ ڈپٹ ہو گی مار پڑے گی۔۔لیکن سب کچھ اس کے برخلاف ہوا۔۔۔گاوں میں کسی نے ان کی بات کا یقین نہ کیا
اور سب یہی کہتے رہے کہ چھے سال کے بچے میں اتنا زور کہاں وہ دس سال کے بچے کو کنویں سے باہر کھینچ لے۔۔
پورے گاوں میں ایک ہی دانا شخص رحیم چاچا تھا جس نے بچے کی بات کا یقین کیا۔سب گاوں والے مل کا رحیم چاچا کے پاس گئے
اور پوچھا کہ آپ کو ان پر یقین ہے؟ انھوں نے کیسے کیا ہو گا؟
رحیم چاچا نے جواب دیا ” بچے بتا تو رہے ہیں کہ کیسے کیا۔ بڑا کنویں میں گرا ۔چھوٹے نے اسے ڈول کی مدد سے کھینچ لیا۔۔”
گاوں والے خاموشی سے رحیم چاچا کا چہرہ تکتے رہ گئے۔ رحیم چاچا دوبارہ گویا ہوئے
“سوال یہ نہیں ہے کہ وہ چھوٹا سا بچہ یہ کیسے کر پایا ؟ سوال یہ ہے کہ وہ یہ کیوں کر پایا ،
اس کے اندر اتنی طاقت کہاں سے آئی؟ اس کا صرف ایک ہی جواب ہے۔ صرف ایک جواب
کہ جس وقت اس بچے نے یہ کیا، اس ٹائم پہ۔ اس جگہ پر دور دور تک کوئی نہیں تھا ،
اس بچے کو یہ بتانے والا کہ “تم یہ نہیں کر سکتے۔۔”